کبوتر کی پرواز میں اضافہ کا مکمل دیسی نسخہ

دیسی نسخہ پرواز

کبوتر کی پرواز میں اضافہ کے لئے آج کل مارکیٹ میں کئی طرح کے انرجی بوسٹرموجود ہیں. اسی طرح کئی طرح کی میڈیسنز بھی کبوتروں کی پرواز میں اضافہ کے لئے استعمال کی جاتی ہیں. لیکن کبوتروں کی پرواز میں اضافہ کے لئے دیسی نسخہ جات کی اپنی ایک الگ اہمیت ہے. کیونکہ دیسی ادویات کو استعمال کر کے بنائے جانے والے کبوتروں کے نسخہ جات نہ صرف یہ کہ کبوتر کی پرواز میں ایک مناسب حد تک اضافہ کرتے ہیں. بلکہ ان کے استعمال سے کبوتر کے گھر واپس نہ آنے کے چانسز نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں. آج کے اس آرٹیکل میں آپ کو ایک مکمل دیسی نسخہ تیار کرنے کا طریقہ کار بتائوں گا. اس نسخہ میں کبوتر کی پرواز میں اضافہ کے لئے دیسی ادویات کو استعمال کرتے ہوئے ایک گولی بنائی جاتی ہے. پھر اس کے بعد کبوتر کو ایک گرم پانی پلایا جاتا ہے. مزید اس نسخہ کے زیراثرپرواز کرکے جب کبوتر گھر واپس آئے گا تو اس کو سنبھالنا کس طرح سے ہےاس کا طریقہ کار بھی آپ کو اس آرٹیکل میں پڑھنے کو ملے گا

دیسی ادویات سے گولی بنانے کا طریقہ

اس نسخہ میں ہم سب سے پہلے مختلف دیسی ادویات کی ایک مخصوص مقدار کو استعمال کرتے ایک معجون یا پیسٹ بنائیں گے. اور پھر اس پیسٹ کی ہم کالے چنے کے سائز کے برابر گولیاں بنا لیں گے . یہ گولیاں ہم نے اپنے اڑائے جانے والے کبوتروں کو ایک گولی فی کبوتر کے حساب سے رات کے وقت کھلانی ہے. یہ گولیاں بنانے کے لئے ہم جن دیسی ادویات کو استعمال کریں گے ان کے نام اور مقدار کچھ اس طرح سے ہے

گولی بنانے کے لئے استعمال ہونے والی ادویات

قرشی یا ہمدرد کمپنی کی دوالمسک معتدل جواہردارکی ایک چھوٹی ڈبی. چاندی کے ورق 20 عدد. سونے کے ورق 10 عدد. زعفران 4 ماشے. جواہر مہرہ ایک گرام اور کشتہ مروارید ایک گرم. سب سے پہلے کسی کھرل یا ہاون دستہ میں دوالمسک معتدل جواہر دار کی ڈبی میں موجود تمام معجون ڈال لیں. اس کے بعد زعفران کو اس کے ساتھ ڈال کے خوب اچھی طرح مکس کر لیں. اور پھر اس کے بعد جواہر مہرہ اور کشتہ مروارید کو بھی اسی کھرل یا ہاون دستہ میں ڈال کر خوب اچھی طرح مکس کر لین اور سب سے آخر میں سونے اور چاندی کے ورق ان میں مکس کر کے سب چیزوں کو ایک جان کرلیں. اور پھر جو معجون یا پیسٹ آپ کے پاس تیار ہوا ہے اس کے کالے چنے کے برابر گولیاں بنا لیں. اور رات کو دس بجے اپنے اڑائے جانے والے کبوتروں کو ہر کبوتر ایک گولی کے حساب سے کھلا دیں

گرم پانی بنانے اور استعمال کروانے کا طریقہ

رات کو دس بجے کبوتروں کو گولیاں کھلانے کے بعد ہم نے اپنے کبوتروں کو ایک گرم پانی بنا کر پلاتا ہے. گرم پانی بنانے کے لئے ایک برتن میں آدھا لیٹر پانی لے لیں. تین عدد کالی مرچ، تین عدد بڑی الائچیاں، تین انچ کا دارچینی کا ٹکڑا اور ایک چھوٹا چائے والا چمچ اجوائن کا لے کر ان سب چیزوں کو آدھا لیٹر پانی میں ڈال کر چولہے پر پکنے کے لئے رکھ دیں. اور جب پک پک کے پانی ایک پائو یا اس سے کچھ کم رہ جائے تو چولہا بند کردیں. اب آپ نے اپنے جن کبوتروں کو گولیاں کھلائیں تھیں ان کبوتروں کو دو سی سی بنا ہوا پانی تین سی سی سادہ پانی کے ساتھ مکس کر کے ہر کبوتر کو یہ پانچ سی سی پانی پلا دیں. اور پھر اسی طرح صبح کبوتروں کو اڑانے سے آدھا گھنٹہ پہلے دو سی سی بنا ہوا پانی تین سی سی سادہ پانی کے ساتھ مکس کر ہر کبوتر کو پلا دیں. اور اللہ کا نام لے کر جس وقت کبوتروں کے اڑانے کا ٹائم ہو انہیں اڑا دیں. انشاء اللہ آپ کے کبوتر اپنی پرواز میں اضافہ کر کے بالکل فٹ حالت میں گھر واپس آئیں گے

پرواز سے واپس آنے والے کبوتر کی سنبھال

جب کبوتر پرواز مکمل کر کے واپس گھر آتے ہیں. تو کبوتر کی بنیادی سنبھال کے بعد ایک ڈھکن عرق گلاب، ایک ڈھکن عرق سونف اور ایک ڈھکن عرق گائوزبان کو آدھا لیٹر سادہ پانی میں مکس کر کے پہلے اس پانی میں کبوتر کی چونچیں لگوائیں. اور جب کبوتر وہ پانی ہضم کر کے ڈروپنگ کر دے تو پھر اسے جتنا وہ یہ پانی پینا چاہتا ہے اسے پینے دیں. اور پھر جب کبوتر یہ پیا ہوا پانی اچھی طرح ہضم کر لیں اور ان کی پانی کی طلب ختم ہو جائے تو پھر اپنے کبوتروں کو خوراک کھلائیں. انشاء اللہ آپ کے کبوتر اگلی پرواز کے لئے فٹ ہو جائیں گے. اور نیکسٹ پرواز میں بھی آپ کو شاندار رزلٹ دیں گے. اس نسخہ کو آپ لگاتار کی بازیوں میں بھی استعمال کروا سکتے ہیں

Leave a Comment