کبوتر کی پرواز میں اضافہ کے آزمودہ طریقہ کارخوراک گرم پانی اور دیسی پلس میڈیسن نسخہ

نسخہ پرواز دیسی پلس میڈیسن

آج کے اس آرٹیکل میں ہمارا موضوع ہوگا کبوتروں کے پرواز میں اضافہ کس طرح ممکن ہے.کون کون سے طریقہ کار اس مقصد کے لئے ہم اختیار کر سکتے ہیں. ہروہ کبوتر پرور دوست جو اس شوق سے وابستہ ہے اس کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کے پاس اچھے سے اچھے کبوتر موجود ہوں. پرواز میں ان کا رزلٹ شاندار ہو.اور پھر ہر ایک اپنی اپنی ہمت و استطاعت اور سمجھ بوجھ کے مطابق اس مقصد کے حصول کے لئے کوششیں بھی کرتا ہے. ایک بات جو ہر کبوتر پرور کو ذہن نشیں ہونی چاہئے کہ وہی کبوتر اچھی پرواز دیتے ہیں اڑنا جن کے خون میں شامل ہو. اور ان میں‌ایک اچھے کبوتر کی خصوصیات موجود ہوں. اس کے بعد تربیت،خوراک،دانہ پانی، سنبھال اور ںسخہ جات بھی کبوتر کی پرواز پے اثر انداز ہوتے ہیں

پرواز میں اضافہ کے طریقہ کار

آپ کے شوق کی بہتری اور کبوتر کی پرواز میں اضافہ کے لئے اس آرٹیکل میں تین آزمودہ اور رزلٹڈ طریقہ کار آپ کو پڑھنے کے لئے ملیں گے. ان میں سے پہلا طریقہ کبوتروں کی خوراک بنانے کا ہے. جسے اگر آپ اپنے کبوتروں کو بنا کے استعمال کرواتے ہیں تو آپ کے کبوتر اپنی پرواز میں لازم اضافہ کریں گے. دوسرا طریقہ ایک گرم پانی بنانے کا ہے جس کے استعمال سے کبوتر اپنی پروازی کارکردگی میں اضافہ کرتے ہیں. اور تیسرا طریقہ کار ایک دیسی پلس میڈیسن نسخہ ہے جس کا رزلٹ بھی سو فیصد ہے. کبوتر نہ صرف یہ کہ اپنی پرواز میں اضافہ کریں گے بلکہ بالکل صحیح حالت میں واپس گھر بھی آئیں گے اور آپ کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے

کچھ ضروری باتیں

اس سے پہلے کہ آپ کو یہ تیںوں طریقہ کار تفصیل کے ساتھ بتائوں کچھ بے حد اہم باتوں کا جاننا آپ کے لئے بے حد ضروری ہے. سبھی کبوتر ایک جیسے نہیں ہوتے. ہر کبوتر کا مزاج،طبیعت،خوبیاں اور خامیاں الگ الگ ہوتی ہیں. ایک اچھا کبوتر پرور وہی ہوتا ہے جو اپنے کبوتر کے مزاج کو سمجھے اور اسے پرواز میں اضافے کے لئے وہی اشیاء استعمال کروائے جو اس کے لئے مناسب ہوں. کچھ کبوتر ایسے ہوتے ہیں جن کو اگر موسم کی مناسبت سے کوئی اچھی اور متوازن خوراک تیار کر کے کھلائی جائے تو وہ اس کے استعمال سے اپنی پرواز میں اضافہ کر لیتے ہیں. اس کے برعکس کچھ کبوتر ایسے ہوتے ہیں جن کو اگر کوئی اچھا سا گرم اشیاء کا پانی بنا کر پلا دیا جائے تو وہ ان کی پرواز میں اضافے کا سبب بن جاتا ہے. مزید کچھ کبوتر ایسے بھی ہوتے ہیں جن کی پرواز میں اضافے کے لئے انہیں دیسی اور انگریزی ادویات کی ایک مخصوص مقدار کو استعمال کرتے ہوئے نسخہ بنا کے استعمال کروایا جاتا ہے جس سے وہ کبوتر اپنی پرواز میں اضافہ کر لیتے ہیںِ

اسی طرح کچھ کبوتر ایسے بھی ہوتے ہیں کہ انہیں آپ جب بھی اڑائیں انہوں‌نے اپنی ہمت کے مطابق پورا زور لگا کے پرواز کرنا ہوتی ہے. اور واپس گھر وہ اس وقت آتے ہیں جب ان میں اڑنے کی ہمت بالکل ختم ہو جائے. اس طرح کے کبوتروں کو کبھی بھی کسی ایسی چیز کا استعمال نہیں‌کروانا چاہئے جس سے وہ اپنی پرواز میں مزید اضافہ کریں. اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو وہ کبوتر پہلے تو ٹھیک طرح سے اڑے گا ہی نہیں. اور اگر اڑگیا تو وہ واپس گھر نہیں‌آئے گا. کیونکہ وہ کبوتر پہلے ہی اپنی پرواز پوری کر کے واپس گھر آتا ہے. جب آپ اسے مزید اڑنے کے لئے مجبور کریں گے تو وہ اڑ تو لے گا لیکن واپسی اس کی تقریبا ناممکن ہو جائے گی

ضروری احتیاط

لازم نہیں ہے کہ اگر آپ اپنے کبوتروں‌کو پرواز میں اضافے کے لئے کوئ چیز استعمال کروا رہے ہیں تو وہ سبھی کبوتروں پر ایک طرح سے ہی اثر انداز ہو. مختلف کبوتروں پر اس کا اثر مختلف ہوگا. اس لئے جب بھی آپ اپنے کبوتروں کو پرواز میں اضافے کے لئے کوئی چیز استعمال کروارہے ہیں تو اس کا تجربہ عام پھرتوں کے دوران کر لیں. اس چیزنے جو اثر آپ کے کبوتر کی پرواز پے ڈالا ہے اچھا یا برا اسے نوٹ کرلیں. اور پھر جو چیز آپ کے جس کبوتر کے لئے بیسٹ ہو صرف اس چیز کو ہی اپنے اس خاص کبوتر کو پرواز میں اضافے کے لئے استعمال کروائیں

پرواز میں اضافہ کی خوراک بنانے کا طریقہ

اب سب سے پہلے آپ کے لئے کبوتر کی پرواز میں اضافہ کے لئے ایک آزمودہ اور رزلٹڈ خوراک بنانے کا طریقہ بیان کرتا ہوں. اسے بتائےہوئے طریقے کے مطابق بنا کے اپنے کبوتروں کو استعمال کروائیں.اور ان کی پرواز میں ہونے والے اضافے کو نوٹ کریں. خوراک بنانے کے لئے سب سے پہلے تیس عدد بادام کی گریاں لے کر رات کو انہیں کسی مٹی کے برتن میں پانی ڈال کر بھگو کے رکھ دیں. صبح ان کا چھلکا اتار کر انہیں ہاون دستہ میں اچھی طرح کوٹ کے باریک کر لیں.اس کے بعد دو عدد بڑی الائچیاں لے کر ان کے بیج نکال لیں. اور ان بیجوں کو بھی باداموں کے ساتھ اچھی طرح کوٹ کے باریک کر لیں. پھر چار عدد کالی مرچ لے کر انہیں بھی اسی ہاون دستہ میں ڈال کر اچھی طرح کوٹ کے باریک کرلیں.پھر آملے کا مربعہ لینا ہے ہم نے اور ایک آملہ لے کر پہلے اسے کچھ مرتبہ پانی میں سے نکال کے اس کی مٹھاس ختم کر لینی ہے. اور پھر اس ایک آملے کو بھی ہاون دستہ میں ڈال کر دیگر اشیاء کے ساتھ اچھی طرح کوٹ کے باریک کر لینا ہے

مزید آپ آدھا چمچ چھوٹا چائے والا دوالمسک معتدل جواہر دار کا، آدھا چمچ خمیرہ گائوزبان کا، ایک چنے جتنا کشتہ مروارید، دس عدد چاندی کے ورق اور تین عدد سونے کے ورق لے کر ان سب چیزوں کو بھی ہاون دستہ میں دیگر پہلے سے کوٹی ہوئی چیزوں کے ساتھ خوب اچھی طرح کوٹ کے مکس کر لیں. اوریہ سب عمل کرنے کے بعد جو پیسٹ تیار ہو اسکی آپ چنے کے برابر گولیاں بنا لیں

خوراک کا طریقہ استعمال

رات کو آٹھ بجے ہر کبوتر کو بنائی ہوئی تین گولیاں کھلا کے اسے پانچ ملی لیٹر سادہ پانی میں پانچ قطرے شہد کے مکس کر کے پلا دیں. اور صبح جس روٹین کے ساتھ آپ اپنے کبوتر اڑاتے ہیں اسی روٹین کے ساتھ اپنے کبوتروں کو اڑا دیں. روٹین سے مراد ہے کہ اگر تو صبح کے وقت آپ اپنے کبوتروں کو پانی دے کر اڑاتے ہیں تو پانی دے کر اڑائیں یا پھر اگر آپ اپنے کبوتروں کو بنا پانی دیئے ہی اڑاتے ہیں تو پھر بنا پانی دیئے ہی اڑا دیں. مزید یہی چیز کبوتر کو پلٹانے کے لئے بھی ہے. مطلب کہنے کا یہ ہے کہ اس نسخہ کے استعمال کی وجہ سے نہ تو کبوتر کو پلٹانا ہے اور نہ ہی اسے پانی دینا ہے. بس آپ جس روٹین سے اپنے کبوتروں کو پہلے اڑاتے ہیں اسی روٹین کے ساتھ اڑا دیں. اور پھر اپنے کبوتروں کی پرواز میں جو اضافہ ہوا ہے اسے نوٹ کریں. زیادہ بہتر رزلٹ کے لئے ان بنی ہوئی گولیوں‌کا استعمال دو دن پہلے شروع کر دیں

پرواز میں اضافہ کا گرم پانی بنانے کا طریقہ

اب آپ کو کبوتروں کی پرواز میں اضافہ کے لئے ایک گرم پانی بنانے کا طریقہ بتاتا ہوں. اس گرم پانی کو آپ کسی بھی موسم میں اپنے کبوتروں کی پرواز میں اضافہ کے لئے بنا کر استعمال کروا سکتے ہیں. یہ پانی بنانے کے لئے درج ذیل اشیاء درکار ہونگی. سفید زیرہ چائے والا آدھا چمچ، دیسی اجوائن آدھا چمچ، سونف کے بیس دانے، دارچینی تین انچ کا ٹکڑا، دو عدد بڑی الائچیوں میں سے جتنے بیج نکلیں وہ، دو عدد منقے بیج نکال کر، کالی مرچھ پانچ عدد، مگاں دو عدد، ایک عدد چھوہارہ اور ایک عدد سبز ھرڑ.کسی برتن میں ڈیڑھ لیٹر پانی لے کر اس میں ان تمام اشیاء کو ڈال کر چولہے پر ہلکی آگ پر پکانا شروع کر دیں. جب پک پک کے یہ پانی آدھ لیٹررہ جائے تو چولہا بند کر دیں. اور اس پانی کو چھان کے کسی بوتل میں بھر کے رکھ لیں

گرم پانی کا طریقہ استعمال

ناغے والے دن جب آپ نے اپنے کبوتروں کو دوپہر کے وقت باجرہ ڈالنا ہے جب وہ باجرہ کھا لیں تو پچاس سی سی اس بنے ہوئے پانی کو ایک لیٹر سادہ پانی میں مکس کر کے کبوتروں کے پانی کے برتن میں ڈال کے کبوتروں کے آگے رکھ دیں. کبوتر چونکہ باجرہ کھا چکے ہوں گے تو وہ اچھی طرح سے یہ پانی پی لیں گے. اگر کوئی کبوتر ٹھیک طرح سے یہ پانی نہیں پیتا تو اسے سرنج کے ساتھ دس سی سی پانی خود پلا دیں. مزید کچھ دیر کے لئے یہ پانی کا برتن کبوتروں کے آگے پڑا رہنے دیں. تاکہ اگر کسی کبوتر نے مزید پانی پینا ہے تو ہو پی لے. نیکسٹ ڈے صبح اپنے کبوتروں کو روٹین کے مطابق اڑا دیں. انشاء اللہ آپ کے کبوتر اپنی پرواز میں اضافہ کر کے گھر واپس آئیں گے

نسخہ پرواز دیسی پلس میڈیسن

اس آرٹیکل کے آخر میں اب آپ کو کبوتروں کی پرواز میں اضافہ کے لئے ایک مکمل طریقہ کار بتاتا ہوں. جس سے آپ کے کبوتر اپنی پرواز میں اضافہ کریں گے. کبوتروں کی پرواز میں اضافہ کا یہ نسخہ گرم موسم کا ہے. اب اگر کل کو آپ نے اپنے کبوتروں کو اڑانا ہے اور آج کا دن کبوتروں کے ناغے کا دن ہے. تو ناغے والے دن صبح کے وقت آپ اپنے کبوتروں کو جو بھی خوراک بنا کر دیتے ہیں اس میں ذریشک کے دس دانے ایڈ کر لیں اور یہ خوراک تیار کر کے صبح کے وقت اپنے کبوتروں کو کھلا کے جال میں چھوڑ دیں

دوپہر کے دانے کے ساتھ دیا جانے والا پانی

اب آپ نے میتھےآدھا چمچ چھوٹا چائے والا ، آدھا چمچ خشخاش کا اور تیس دانے سونف کے لے کر ان تینوں چیزوں کو کسی مٹی کے برتن میں ایک لیٹر سادہ پانی ڈال کے بھگو کے رکھ دینا ہے. دوپہر میں ایک سے دو بجے کے درمیان جب آپ اپنے کبوتروں کو باجرہ ڈالتے ہیں‌تو جب وہ باجرہ کھا لیں تو جو میتھے،خشخاش اور سونف کا پانی آپ نے صبح بھگو کے رکھا تھا اس پانی کو چھان کے اس میں آدھا لیٹر سادہ پانی مکس کر کے کبوتروں کے پانی کے برتن میں ڈال دیں تاکہ کبوتر یہ پانی اچھی طرح سے پی لیں

گولی بنانے کا طریقہ

اب ایک ٹیبلٹ کلارٹین، ایک ٹیبلٹ ریٹالین،دو ٹیبلٹ ڈیکاڈران اور دو ٹیبلٹ بی کمپلیکس پیلے رنگ والی لے لیں. اور ساتھ میں دو گرام ست پودینہ لے لیں. تمام ٹیبلیٹس اور ست پودینہ کو باریک پیس کر پائوڈر کر لیں. اس کے بعد سات تار زعفران کے لے کر ان میں تھوڑا سا عرق مکو ڈال کر ان کو اچھی طرح سے کھرل کر لیں. پھر اس کے بعد کھرل میں دو منقے ڈال لیں لیکن منقوں کے بیج پہلے نکال لیں. مزید ایک چھوٹا چمچ چائے والا دوالسمسک جواہر دار کا بھی کھرل میں ڈال کے ان تینوں چیزوں کو اچھی طرح کھرل کر کے مکس کر لیں. جب یہ پیسٹ بن جائے تو اس میں ٹیبلیٹس اورست پودینہ کا جو پائوڈر بنایا تھا اس کو ڈال کر ان سب چیزوں کو اچھی طرح مکس کر کے جو پیسٹ یا معجون بنے اس کی پندرہ گولیاں برابر سائز کی بنا لیں. گولیوں کی مقدار آپ اپنے کبوتروں کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کم یا زیادہ کر سکتے ہیں

گولی کس طرح استعمال کرنی ہے

رات کو دس بجے ہر کبوتر کو یہ بنی ہوئی ایک گولی کھلا کے اسے اس کے بعد پانچ سی سی بکری کا دودھ پلا دیں. صبح جس روٹین کے مطابق آپ اپنے کبوتروں کو اڑاتے ہیں اللہ کا نام لے کر اپنے کبوتروں کو اڑا دیں. انشاء اللہ آپ کے کبوتر آپ کی توقع سے بڑھ کے پرواز دینے کے بعد گھر واپس آئیں گے. یاد رہے یہ نسخہ آپ نے اپنے ان کبوتروں کو استعمال کروانا ہے. جن کی کسیں بنی ہوئی ہوں. اور انہوں نے بادام کھائے ہوئے ہوں

واپسی پرکبوتر کی سنبھال

واپسی پر کبوتر کو بنیادی سنبھال کے بعد پلٹا دیں. تھوڑی دیر اسے کسی سایہ دار جگہ پر چھوڑنے کے بعد اس کی پانی میں چونچ لگوائیں. جب وہ پانی چلا لے اور بیٹھ کر دے تو اسے ایک کپ سادہ پانی میں ایک ڈھکن عرق گلاب اور ایک ڈھکن عرق گائو زبان مکس کر کے اس پانی میں کبوتر کی چونچیں لگوائیں. جب وہ پانی بھی کبوتر ہضم کر لے تو اسے سادہ پانی پینے کے لئے دیں. اور پھر جب کبوتر وہ پانی بھی ہضم کر لے تو ایک پائو بکری کے دودھ میں ایک منقہ، منقے کے بیج نکال لینے ہیں اور ایک عدد بڑی الائچی کے بیج ڈال کر اسے ایک ابالا دے کر چولہے سے اتار لیں اور تھوڑا ٹھنڈا ہونے پر وہ دودھ پانچ سی سی کبوتر کو سرنج کے ساتھ پلا دیں. اور جب کبوتر وہ دودھ بھی ہضم کر لے تو پھر اسے باداموں والی خوراک دیں. آپ کا کبوتر فٹ بھی ہو جائے گا اور آئندہ پرواز کے لئے تیار بھی ہو جائے گا

3 thoughts on “کبوتر کی پرواز میں اضافہ کے آزمودہ طریقہ کارخوراک گرم پانی اور دیسی پلس میڈیسن نسخہ”

  1. Sir ye ki weather k lye h ab jaith chal raha h is me use kr sakty h ? Or har me b kya ye istamal kr sakty h?

    Reply
    • Ji Bhaie Nuskha Jaat garm mousam k liy hi hoty haien. Laiken yeah depend karta hay k aap k kabootar tayyar hoon pori tarah. Mazeed mousam k hisab say garm ya thanday pani bhi use kiy ja sakty haien.

      Reply

Leave a Comment