Pigeon Diseases And Treatment کبوتروں کے سوکڑے کا علاج

کبوتروں میں سوکڑہ

ہر وہ شخص جو کبوتر پروری کے شوق سے وابستہ ہے. اسے آپ نے یہ شکایت کرتے ہوئے ضرور سنا ہوگا کہ کبوتر سوکڑے کی بیماری میں مبتلا ہو گئے ہیں. سوکڑے کا شکار کبوتر جسمانی طور پر کمزور ہو جاتا ہے. اس کے سینے کا گوشت آہستہ آہستہ کم ہوتا جاتا ہے اور سینے کی ہڈی باہر نکل آتی ہے. کبوتر سست ہو کر ایک طرف کھڑا رہتا ہے. جسمانی طور پر بالکل لاغر ہو کر بالاخر مر جاتا ہے. دوستو حقیقت یہ ہے کہ سوکڑہ بذات خود کوئی بیماری نہیں ہے. بلکہ کبوتر کی یہ حالت کسی اور بیماری کی وجہ سے ہوتی ہے. اور اپنے آج کے اس آرٹیکل میں‌ہم اس چیز کو دیکھیں گے کہ کبوتروں کے سوکڑے کے اسباب کیا ہیں. اور جب ہم یہ جان جائیں گے تو پھر سوکڑے کا علاج کرنا بھی ہمارے لئے بہت آسان ہو جائے گا

 

سوکڑے کے اسباب

دوستو جیسا کہ اوپرمیں نے آپ کو بتایا کہ سوکڑہ بذات خود کبوتروں کی کوئی بیماری نہیں ہے. بلکہ کبوتروں میں آنے والی دیگر مختلف بیماریوں کے نتیجے میں‌کبوترجسمانی طور پر کمزوری کا شکار ہو جاتے ہیں. جس بیماری میں‌کبوتر مبتلا ہوتا ہے. ہمیں اس بیماری کا تو علم نہیں ہوتا. لیکن جب ہم دیکھتے ہیں کہ کبوتر کمزور ہوگیا ہے.تب ہمیں اس بارے میں علم ہوتا ہے. اور ہم اس بیماری کا علاج کرنے کی بجائے جس نے کبوتر کو اس حال تک پہنچایا ہوتا ہے. سوکڑے کا علاج شروع کر دیتے ہیں. اس کے علاوہ کبوتروں کی دیکھ بھال کے دوران کی گئی ہماری کچھ کوتاہیاں بھی کبوتروں میں سوکڑے کا سبب بنتی ہیں. کبوتروں‌میں سوکڑے کے کافی زیادہ اسباب ہوتے ہیں. جن میں سے چند اہم درج ذیل ہیں

بیکٹیریا سے پیدا ہونے والی کبوتروں کی بیماریاں

مفید بیکٹیریاز کے ساتھ ساتھ کچھ بیکٹیریاز ایسے بھی ہوتے ہیں جو کبوتروں میں بیماری کا سبب بنتے ہیں. اس طرح کی بیماریاں ابتداء میں نظر نہیں‌ آتیں. یہ بیماریاں کبوتروں میں سوکڑے کی سب سے بڑی وجہ بنتی ہیں. اس طرح کی صورت حال میں کبوتر کھانا پینا بالکل کم کر دیتا ہے. اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کمزورہونا شروع ہو جاتا ہے. اور اگر اس پوشیدہ بیماری کا ٹھیک طرح سے علاج نہ کیا جائے. تو رفتہ رفتہ کبوترموت کے منہ میں چلا جاتا ہے

وائرس سے پیدا ہونے والی کبوتروں کی بیماریاں

کبوتروں کی وہ بیماریاں جو وائرس کے وجہ سے پھیلتی ہیں. کبوتر پرور دوستوں کے کبوتروں کا سب سے زیادہ نقصان انہی کی وجہ سے ہوتا ہے. وائرس سے پھیلنے والی بیماریاں بہت تیزی کے ساتھ کبوتروں کو متاثر کرتی ہیں. اور ان کی علامات بھی انتہائی شدید ہوتی ہیں. بے شمار کبوتر ان بیماریوں کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں. اور جو اپنے جسم میں موجود قوت مدافعت کی وجہ سے بچ جاتے ہیں. وہ بھی چونکہ بیماری کی حالت میں کھانا پینا بالکل چھوڑ دیتے ہیں اس لئے سوکڑے کا شکار ہوجاتے ہیں

فنگس سے پیدا ہونے والی بیماریاں

بہت سے بیماریاں کبوتروں میں فنگس کی وجہ سے بھی پیدا ہوتی ہیں. خوراک اور پانی کے برتنوں کو ٹھیک طرح سے صاف نہ کرنا. کبوتروں کے ڈربے میں مناسب طریقے سے صفائی کا نہ ہونا.ڈربے کے اندر مسلسل نمی کا موجود ہونا یا پھر برسات کا یا گرم مرطوب موسم فنگس سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا سبب بنتا ہے.اور ان بیماریوں میں مبتلا پرندے بخار کا شکار ہو جاتے ہیں. یا پھر کنکر مطلب اندرونی زہر باد کا شکار ہو جاتے ہیں. جس کی سبب پرندے دانہ کھانا کم کر دیتے ہیں. پانی زیادہ پیتے ہیں. اور پھر تیزی کے ساتھ سوکڑے کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں

غیرمتوازن اور غیر معیاری دانہ

اگر کبوتروں کوفراہم کی جانے والی خوراک غیر معیاری ہو یا ان کو فراہم کیا جانے والا دانہ پانی ان کی غذائی ضروریات کے مطابق نہ ہو. تو یہ چیز بھی کبوتروں کی صحت کو متاثر کرتی ہے. اور ان میں سوکڑے کا سبب بنتی ہے. کبوتروں کی غذائی ضروریات موسم کے لحاظ سے مختلف ہوتی ہیں. اس لئے بے حد ضروری ہے کہ انہیں فراہم کیا جانے والا دانہ یا خوراک موسم کے لحاظ سے ان کی غذائی ضروریات کے مطابق ہو. دانے میں منرلز، وٹامنز،پروٹینز اور مختلف قسم کے امائینو ایسڈز کبوتروں کی غذائی ضروریات کے مطابق شامل ہونے چاہئیں

ناموافق ماحول اور تنائو

مسلسل تنائو کی کیفیت، غیرموافق حالات یا موسم اور جگہ کی تبدیلی بھی کبوتروں کے اندر سوکڑے کا سبب بنتی ہے. موسم کی تبدیلی،شدید سرد یا گرم موسم یا اچانک سے موسم کا تبدیل ہو جانا کبوتروں پے اثر انداز ہوتا ہے. جس کی وجہ سے وہ جسمانی طور پر کمزوری کا شکار ہو جاتے ہیں. اس کے علاوہ رہنے کے لئے ناسازگار یا گھٹن زدہ ماحول،باربار انہیں تنگ کرنا، ڈر اور خوف کی وجہ سے کبوتر تنائو کا شکار رہتے ہیں. جو ان میں سوکڑہ ہونے کا ایک سبب بنتا ہے. اس کے علاوہ جگہ کی تبدیلی کا بھی کبوتر اثر لیتے ہیں. جس سے ان کی صحت متاثر ہوتی ہے

تدراک اور احتیاط

سوکڑے میں آئے ہوئے کبوتر کی صحت کی بحالی اسی وقت ممکن ہے. جب ہم ٹھیک طرح سے یہ جان جائیں کے اس کی یہ حالت کس وجہ سے ہوئی ہے. اوپر ہم نے ان اسباب کا تفصیل کے ساتھ ذکر کیا ہے جن کی وجہ سے کبوتر سوکڑے کا شکار ہوتے ہیں. بس ہمیں ٹھیک طرح سے سمجھنے کی ضرورت ہے. اورجب ہم وہ وجہ جان جائیں گے. اور اس کے مطابق کبوتر کو ٹریٹ کریں گے تو وہ ٹھیک بھی ہو جائے گا. لیکن اگر ہم اپنے کبوتروں کی مناسب طریقہ سے دیکھ بھال کرتے ہیں. اور درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہیں. تو اس مسئلے کے امکانات کو کم از کم کیا جا سکتا ہے

حفاظتی تدابیراور بچائو

سب سے پہلے تو اپنے کبوتروں کی مناسب طور پر دیکھ بھال کریں.ان کی صحت کا خیال رکھیں. اگر کوئی کبوتر آپ کو سست نظر آتا ہے. تو فوری طور پر دیکھیں کہ اسے کیا پرابلم ہے. اس سمجھیں اور اس کا مناسب علاج کریں.کبوتروں کو جو دانہ یا خوراک آپ مہیا کررہے ہیں. اس میں‌اس بات کا خیال رکھیں کہ وہ ان کی تمام غذائی ضروریات کو پورا کر رہا ہو. کبوتروں کے لئے دانہ سلیکٹ کرتے وقت موسم کو بھی مدنظر رکھیں. اس بات کو یقینی بنائیں کہ جو دانہ آپ اپنے کبوتروں کو دے رہے ہیں اس میں وہ تمام وٹامنز،منرلز اور امائینو ایسڈز موجود ہیں جو بہتر نشوونما کے لئے کبوتروں کو درکار ہیں. کبوتروں کو جو مختلف قسم کا دانہ آپ ڈالتے ہیں. اسے ڈالنے سے پہلے اس بات کا یقین کر لیں کہ اس پے کوئی زہریلا سپرے وغیرہ نہ ہوا ہو

وجوہات اور علاج

جیسا کہ ہم نے اوپر تفصیل کے ساتھ اس بات کی وضاحت کی کہ سوکڑا بذات خود کوئی بیماری نہیں ہے. بلکہ اس کی کوئی نہ کوئی اور وجہ ہوتی ہے . جس کی بدولت کبوتر جسمانی طور پر کمزور ہو جاتا ہے. اور ہم کہتے ہیں‌کہ کبوتر سوکڑے کا شکار ہو گیا ہے. کبوتروں کے سوکڑے کا شکار ہونے کی سب سے بڑی وجہ کبوتروں کے پیٹ میں کیڑوں‌کا پیدا ہو جانا ہے. کبوتر جو خوراک کھاتا ہے. اس خوراک کو اس کے پیٹ میں‌موجود کیڑے کھا لیتے ہیں. اور وہ کھائی ہوئی خوراک کبوتر کا جزو بدن نہی بنتی. نتیجتا کبوتر جسمانی طور پر کمزور ہونا شروع ہو جاتا ہے. اور اگر فوری طور پرعلاج نہ کیا جائے تو کبوتر کمزوری کی وجہ سے موت کا شکار ہو جاتا ہے. کبوتروں کے پیٹ کے کیڑوں‌کا علاج ہم درج ذیل طریقہ سے کر سکتے ہیں

پیٹ کے کیڑوں کی وجہ سے سوکڑہ اور اسکا علاج

کبوتروں کے پیٹ کے کیڑوں‌کے علاج کے لئے کبوتر پرور دوست ڈی وورمنگ کےلئے بازارمیں‌موجود مختلف قسم کی ادویات استعمال کرتے ہیںِ. پیٹ‌کے کیڑوں کے خاتمے کے لئے استعمال ہونے والی ادویات میں البینڈازول سرفہرست ہے. جسے کبوتروں کے پینے کے پانی میں مکس کر کے کبوتروں کو پلایا جاتا ہے. اسی طرح ویٹنری میڈیسن اوکسافکس سیرپ بھی کبوتروں کے پیٹ کے کیڑوں کے خاتمے کے لئے استعمال کروایا جاتا ہے. اسے بھی بالکل اسی طرح کبوتروں‌کے پینے کے پانی میں‌مکس کر کے کبوتروں کو استعمال کروایا جاتا ہے. ایک لیٹر پانی میں‌دس ملی لیٹر اوکسافکس سیرپ مناسب مقدار ہے. اس کے علاوہ بھی مارکیٹ میں موجود مختلف قسم کی ڈی وورمنگ ادویات کیڑوں‌کے خاتمے کے لئے استعمال کروائی جاتی ہیں. اور کبوتروں کو سوکڑے سے بچایا جاتا ہے

نظامِ ہضم کی خرابی سے سوکڑہ اور اسکا علاج

ویسے تو کبوتروں میں اکثر بیماریاں نطام ہضم کی خرابی کی وجہ سے ہی ہوتی ہیں. سوکڑے کی شکایت بھی ان میں سے ایک ہے. ہاضمے کی خرابی کی وجہ سے کبوتر جو دانہ کھاتا ہے وہ چونکہ ہضم نہی ہوتا.اس لے کبوتر جسمانی طور پر کمزور ہونا شروع ہو جاتا ہے. اس طرح کی صورت حال کا اگر آپ کے کبوتر کو سامنا ہو تو فوری طور پر اس کی مناسب دیکھ بھال کریں. کبوتر کی پوٹ کو پلٹا کے اسے صاف کر دیں. اور اسے کھانے کے لئے نرم غذا کچھ دن کے لئے دیں. پرانے گڑ کے مناسب استعمال سے بھی نظام ہضم بہتر ہو جاتا ہے. معدے کی بہتری کے لئے استعمال ہونے والے سیرپ جیسے کارمینا،پیپرمنٹ، فلیجل یا کولیک ڈراپس بھی اس مقصد کے لئے بہترین ہیں. اس کے علاوہ آئیڈیل پلز کا استعمال کروا کے بھی نظام ہضم کو بہتر کیا جا سکتا ہے اور کبوتر کو سوکڑے سے بچایا جا سکتا ہے

کچھ اہم باتیں سوکڑے کے متعلق

اوپر ہم بات کر چکے ہیں کہ کبوتروں‌ کمزوری کا شکار مختلف وجوہات کی بناء پر ہوتے ہیں. کسی بیماری کا شکار ہو کر بھی کبوتر اس حالت میں آ جاتا ہے. رہنے کے لئے مناسب ماحول کا میسر نہ ہونا بھی اس کی وجہ ہو سکتی ہے اور موسم کی شدت بھی. یہی وجہ ہے کہ کبوتر پرور دوستوں کے درمیان یہ کونسپٹ بھی موجود ہے کہ سوکڑہ سردی کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے. اور گرمی کی وجہ سے بھی. لیکن موسم کے اثر انداز ہونے پر بھی کبوتر پہلے کسی بیماری کا ہی شکار ہوتا ہے. اور پھر اس بیماری کے نتیجے میں جو کمزوری ہوتی ہے. اسے ہم سوکڑہ کہتے ہیں

جن ادویات سے ہم مختلف اوقات میں کبوتروں کے سوکڑے کا علاج کرتے ہیں. اگر ان پر غور کریں تو ہم دیکھیں گے کہ. سردیوں میں گرم تاثیر والی ادویات سوکڑے کے علاج کے لئے استعمال ہوتی ہی. اور اسی طرح گرم موسم میں سرد تاثیر رکھنے والی ادویات کبوتروں کے سوکڑے کے علاج کے لئے استعمال کی جاتی ہیںِ. اس کے علاوہ کبوتر کو جو بھی کوئی بیماری ہے جب ہم اس کا علاج کرتے ہیں. اور کبوتر اس بیماری سے ٹھیک ہو جاتا ہے. تو نتیجتا اس کی جسمانی صحت بھی ٹھیک ہو جاتی ہے. مزید سوکڑے کے علاج کے لئے پیٹ کے کیڑوں کا ٹریٹمنٹ اور نظام ہضم کی بہتری کے بارے میں ہم اوپر بیان کر چکے ہیں

کبوتروں کے سوکڑے کے مختلف علاج

آپ کا جو کبوتر سوکڑے کا شکار ہے. جسمانی طور پر کافی کمزور ہو گیا ہو. وزن کم کر گیا ہو. اسے سب سے پہلے دانے کی بجائے روٹی کے بھورے ڈالنا شروع کردیں. صبح شام کبوتر کو پانچ سی سی دہی کا پانی دیں. رات کو اس کبوتر کو پانچ سی سی سادہ پانی میں‌پانچ قطرے شہد کے مکس کر کے پلائیں. دن میں کبوتر کو آدھی گولی کسی اچھے سے ملٹی وٹامن کی کھلائیں. اس کے علاوہ گلابی پھٹکڑی لے کر اسے کھیل کر کے اس کا پائوڈر بنا لیں. جتنا پائوڈر بنے اتنا ہی اس کے اندر چنے کا آٰٹا مکس کر کے اسے گوندھ لیں. اور چنے کے سائز کی گولیاں بنا لیں. اور کبوتر کو ایک گولی روزانہ کھلا دیا کریں. کچھ دن میں ہی آپ کے کبوتر کی جسمانی صحت بہتر ہونا شروع ہو جائے گی

Leave a Comment